اسلام آباد(نئی دنیا) پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان بین الحکومتی فریم ورک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت ڈنمارک قابل تجدید توانائی، توانائی کی افادیت اور پانی کی فراہمی کے نظام کیلیے پاکستان کو بلاسود قرضہ فراہم کرے گا۔نجی نیوز چینل نے وزارت اقتصادی امور کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے ڈنمارک حکومت کے ساتھ ایک بین الحکومتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، معاہدے پر سیکریٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لیز روزن ہولم نے دستخط کیے.وفاقی وزیر ایاز صادق سے ڈنمارک کی سفیر لیز روزن ہولم نے مختصر ملاقات کی، اس موقع پر ایاز صادق نے سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے بہت سے امکانات موجود ہیں۔