وطن عزیز کے 75 ویں جشن آزادی کی پروقار تقریب

کھاریاں ( سلیم اختر بٹ ) وطن عزیز کے 75 ویں جشن آزادی کی پروقار تقریب

ضلع بھر میں وطن عزیز کا 75واں یوم آزادی شایان طریقے سے منایا گیا، جشن آزادی کی مرکزی تقریب ڈی سی کمپلکس میں منعقد ہوئی جہاں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ نے پر چم کشائی کی، ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ، اے سی گجرات احسن ممتاز، سی ای او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، محمد دانش مرزا، پی ایس او ،ممبران امن کمیٹی خادم علی خادم، لالہ جی سعید اقبال، منور کھوکھر، جنرل سیکرٹری انجمن بہبودی مریضاں جاوید بٹ، صدر پریس کلب ملک شفقت اعوان سمیت ممتاز شخصیات، سرکاری افسران نے شرکت کی۔ جشن آزادی کی تقریب میں پنجاب پولیس اور ریسکیو1122 کے دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، مہمان خصوصی نے دیگر افسران و معززین کے ہمراہ کیک کاٹا اور شجرکاری کی۔ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ نے وطن عزیز کے 75ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم سب ملکر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے اکابرین نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی ان منازل تک پہنچائیں جس کا خواب ہمارے تحریک آزادی کے ہیروز نے دیکھا تھا۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں بھی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ اورچیف آفیسر فیاض احمد وڑائچ نے شرکت کی اور حاضرین کو جشن آزادی کی مبارکباد دی،قبل ازیں انہوں نے جمخانہ میں بھی پرچم کشائی کی۔ دریں اثناء تحصیل ہیڈ کوارٹرز کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں بھی یوم آزادی کے سلسلہ میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد ارشد نے پرچم کشائی کی، اسسٹنٹ کمشنرز سلمان اکبر وڑائچ، محمد عظمان، پولیس افسران، میونسپل کمیٹیوں کے افسران و ملازمین اور معززین نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں