کھاریاں (سلیم اختر بٹ ) گجرات کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کا درجہ دینے کیلئے انتظامی معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں،صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی جلد گجرات کو ڈویژن کا درجہ دینے کا اعلان کریں گے، ان خیالات کا اظہار سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد اختر زمان نے گجرات کے دورہ کے موقع پر کیا، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن منصور قادر، ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ بھی موجود تھے۔ زاہد اختر زمان نے کہا کہ مجوزہ گجرات ڈویژن میں گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاوالدین کے اضلاع شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، کمشنر آفس گجرات کے لئے مچھیانہ کے قریب 73 ایکڑ سرکاری اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں دفاتر کیساتھ سرکاری رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔ مجوزہ گجرات کے ڈویژن بننے سے علاقہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور شہریوں کے مسائل بھی قریب ترین حل ہو سکیں گے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد اختر زمان نے گجرات ڈویژن کے قیام کے لئے بہترین ہوم ورک کرنے پر ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو زبردست سراہا۔