فرانس (حمید چوہدری سے) اگست کے آغاز سے ہی یورپ بھر میں جشن آبادی کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کی سیاسی ، سماجی و مذہبی تنظیمات یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات کا اعلان کرتی ہیں ، کبھی یہ تقریبات مختلف تنظیمات انفرادی طور پر اور کبھی اجتماعی طور پر ملکر مناتی ہیں۔ ہر جماعت اور تنظیم اپنے طریقے سے وطن سے محبت کا اظہار کرتی ہے۔
دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کی سوہنی دھرتی پاکستان سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ پاکستان ان کی وہ پہلی محبت ہے جو سب محبتوں پر حاوی ہے۔ اسی لئے پاکستان کے حوالے سے کوئی بھی قومی دن ہو ،اوورسیز پاکستانی پاکستان میں مقیم ہم وطنوں سے زیادہ جوش و خراش سے اسے مناتے ہیں۔
اس سال پاکستان کا پچھتر واں جشن آزادی یعنی گولڈن جوبلی سالگرہ کا سال ہے تو سفارتخانہ پاکستان فرانس اور پاکستانی کمیونٹی نے بہت سارے پروگرام رکھے تاکہ اس جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جاسکے۔
نوجوانوں نے پچھترواں جشن آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں مختلف ممالک کی درجن بھر سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا۔ کچھ ایسوسی ایشنز نے جشن آزادی کے حوالے سے جلسوں کا بھی اہتمام کیا،
75ویں جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پہلی بار پاکستان کار ریلی کا انعقاد کیا گیا ، یہ کار ریلی یورپ بھر میں پاکستانیوں کی طرف سے پہلی کار ریلی تھی ،
جشن آزادی منانے کا یہ منفرد اور زبردست انداز تھا جسے پاکستانیوں ہی نہیں بلکہ فرانسیسی شہریوں اور غیر ملکی سیاحوں نے بھی بہت دلچسپی سے دیکھا اور پسند کیا۔ تاریخی پاکستان کار ریلی میں فیملیوں سمیت سینکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی۔
شرکاء ریلی نے اپنی گاڑیوں کو 75ویں جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی بینرز اور سبز پرچموں سے سجایا ہؤ ا تھا۔ بچوں کے ہاتھوں جھنڈیاں تھیں ، ایک میلے کا سا سماں تھا۔ پیرس کی فضائیں پاکستانی ملی نغموں سے گونج رہی تھیں ، پاکستان کار ریلی پیرس کی مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی پیرس کے کاتالون چوک میں ختم ہوئی ، کاتالون چوک میں شرکاء ریلی اکٹھے ہوئے ،
قائم مقام سفیر پاکستان قاضی امجد عزیز اور ان کے رفقاء بھی پہنچ گئے ، پاکستان کار ریلی کے آرگنائزرز نے سفیر پاکستان اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہا۔ ریلی کے آرگنائزر سردار ظہور اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سفیر پاکستان کی تجویز پر جشن آزادی کو مختلف طریقے سے منانے کے لئے اس کار ریلی کا اہتمام کیا اور ہمیں خوشی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی نے فیمیلیز سمیت بھرپور شرکت کی اور وطن سے محبت کا بھرپور ثبوت دیا۔
قائم مقام سفیر امجد عزیز قاضی نے پاکستان کار ریلی کے شرکاء کو پاکستان کے ۷۵ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی , اور پاکستان کار ریلی کے آرگنائزرز سردار ظہور اقبال ، صاحبزادہ عتیق الرحمن ، حاجی محمد اسلم چوہدری ، گلزار لنگڑیال ، سلمان اسلم ، چوہدری نواز اورنگزیب اور یاسر خان کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب کار ریلی منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کی-
سفیر پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ آج پیرس میں اس تاریخی ایونٹ سے صرف فرانس بھر میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں یہ پیغام کم جائے گا کہ پاکستانی ایک پرامن ، پیار کرنے والے اور زندہ دل قوم ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کا سفارتخانہ کے ساتھ تعاون بے مثال ہے ، اور ہمارے لوگ فرانس میں محنت اور جدوجہد کے ساتھ ہر میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں جو کہ خوش آئیند ہے۔ انہوں نے منتظمین کو اس خوبصورت اور بھرپور تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر پاکستان کار ریلی کے آرگنائزر حاجی محمد اسلم چوہدری نے قائم مقام سفیر پاکستان امجد عزیز قاضی ، ان کے رُفقاء ، تمام شرکاء ریلی خصوصا فیمیلیز کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد ، پاکستان پائیندہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے نعروں کی گونج میں سفیر پاکستان نے شرکاء ریلی کے ساتھ 75ویں جشن آزادی پاکستان کا خوبصورت کیک کاٹا۔ پاکستان ایمبسی سے پریس قونصلر دانیال گیلانی ، ہیڈ قونصلر سیکشن احسان کریم اور دیگر افسران نے خصوصی شرکت کی –