میامے(حمید چوہدری سے) پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی یعنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر نائجر کے دارالحکومت میامے میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس تقریب کے دوران عالمی شہرت کے حامل، نیشنل و انٹرنیشنل ایوارڈ یافتہ پاکستانی فوٹوگرافر، گرافک ڈیزائنر، مصور اور ریسرچ سکالر آرٹ ڈائریکٹر بلال جاوید اور انٹرنیشنل فوٹوگرافر عمران چوہدری کی پاکستان کے روشن اور پرامن ثقافتی امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے علاوہ پاکستان میں ٹورازم کے فروغ کے لئے عالمی سطح پر سیاحوں کو متوجہ کرنے کےلیے ڈیسٹینیشن پاکستان)(Destination Pakistan) کے عنوان سے تصویری نمائش کا انعقاد ہوا، تصاویر میں پاکستان کے تاریخی ورثہ، تہذیبی اقدار اور روزمرہ ثقافتی زندگی کو بڑی مہارت اور خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے –
تصویری نمائش کا افتتاح پاکستان کے سفیر احمد علی سروئے نے مہمان خصوصی نائجر کے ڈپٹی فارن منسٹر جناب یوسف المختار محمد اور ثقافت وتہذیب کے منسٹر کے ساتھ کیا –
اس موقع پر دوسرے منسٹرز، پارلیمانز، مئیرز ، اعلی نائجیرین حکام، مختلف ممالک کے سفارتکاروں، سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات نے بھی دیکھا ، نمائش کے شرکاء نے تصاویر میں موجود مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلقہ پاکستانی معاشرے کی روزمرہ ثقافتی زندگی، انداز ، عمل اور تہذیبی ورثے اور قدرتی مناظر پر مشتمل تصاویر کو بڑے تجسس اور خصوصی دلچسپی سے دیکھا اور فوٹوگرافروں کی بھرپور کاوش اور ان کی فوٹوگرافی کے کام میں دلچسپی اور فنی مہارت کو سراہا-
ڈیسٹینیشن پاکستان کے عنوان سے منعقد اس تصویری نمائش میں پاکستان کے طول و عرض میں موجود فطرت کے حسن کی عکاس، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے خوبصورت قدرتی مناظر پر مشتمل منفرد اور خوبصورت تصاویر دیکھنے والوں کی توجہ کو اپنی طرف مبذول کرارہی ہیں –
آرٹ ڈائریکٹر بلال جاوید اور عمران چوہدری اس سے پہلے بھی اپنی ذاتی کاوشوں اور وسائل سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا خوبصورت ، پرامن، روشن اور سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کو پاکستان کی تاریخی ، تہذیبی اور ثقافتی اقدار سے متعارف کرانے کے لیے اور پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے کئی ملکوں میں ” See Pakistan – Love Pakistan ” کے عنوان سے اپنی بنائی ہوئی پاکستان سے متعلق خوبصورت اور اچھوتی تصویروں کی نمائشیں منعقد کر چکے ہیں-