عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 90 ڈالرز سے نیچے چلی گئی، امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 86 ڈالرز جبکہ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 93 ڈالرز کی سطح تک آ گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کر دی گئیں۔ وفاقی حکومت نے ستمبر کے پہلے 15 ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔
اوگرا کی سمری پر غور کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی۔ بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے یکم ستمبر 2022 سے پٹرول 2 روپے 99 پیسے، مٹی کا تیل 10 روپے 92 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 99 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 79 پیسے مہنگا کر دیا۔
یوں پٹرول مہنگا ہوکر 235.98 روپے، ڈیزل 247 روپے 43 پیسے، مٹی کا تیل 210 روپے 32 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 201 روپے 54 پیسے کا ہو گیا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا، یہ قیمتیں 15 ستمبر تک برقرار رہیں گی، جس کے بعد 16 ستمبر سے نئی قیمتوں کے حوالے سے دوبارہ غور کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا جس کی وجہ سے قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔ حکومت نے پیٹرول پر لیوی 20روپے فی لیٹر بڑھا کر 37روپے 50پیسے مقررکردی۔
پیٹرول کے فی لیٹر پر پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں بھی 41پیسے کا مزید اضافہ کیا گیا ہے ، پیٹرول کے فی لیٹر پر پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ8 روپے 43پیسے کردی گئی۔ ہائی اسپیڈڈیزل کے فی لیٹر پر پی ایس او ایکسچینج ایڈ جسٹمنٹ میں 2.24 روپے کا اضافہ کیا اور پی ایس اوایکس چینج ایڈجسٹمنٹ 3.63سے5.87روپےہوگیا۔ جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹربرقرار رکھی گئی۔