گجرات (نئی دنیا) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف جو حربے استعمال کیے جا رہے ہیں وہ نہ رکے تو وہ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور پھر انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،پی ڈی ایم سمیت سب جو مرضی کر لیں اب یہ میچ جیت نہیں سکتے، ہم پر الزام لگانے والے خود آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔
تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے ظلم کا مقابلہ کرنا ہے، یہ ہمارے خلاف جتنی ایف آئی آرز کاٹیں گے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا، قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے پر میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بنا دیا گیا، میں نے ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی اور اس کے لیے تحریک چلائی، آج ن لیگ عدلیہ کو کہتی ہے کہ عمران خان کے خلاف ایکشن لو، نواز شریف نے سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا تھا، جسٹس قیوم کو فون کر کے کہتے تھے کہ بے نظیر بھٹو کو تین نہیں پانچ سال کی سزا دو، عمران خان نے کبھی ایسے کام نہیں کیے اور نہ کرے گا،
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو پٹرول 150 روپے اور ڈیزل 145 روپے تھا،جب ہم اقتدار میں تھے تو شور مچا کہ پاکستان میں مہنگائی ہو گئی ہے، بلاول نے ڈرانے کیلئے مہنگائی مارچ کیا بولے عمران خان کی کانپیں ٹانگیں گی، آج مہنگائی کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے۔
عمران خان کے مطابق جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے، شہباز شریف ہر روز کہتے تھے تم آئی ایم ایف کے غلام بن گئے ہو، ہم پر الزام لگانے والے خود آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہوگئے، امپورٹڈ حکومت مہنگائی کم کرنے نہیں اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو جگانے کی کوشش کر رہے ہیں، قوم میں شعور آ چکا ہے اس کے بعد انقلاب آئے گا۔