کھاریاں (سلیم اختر بٹ ) گجرات پولیس تھانہ صدر نے بیوی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 25اگست کو تھانہ صدر گجرات پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ہریہ والا میں شادی شدہ خاتون مریم بی بی کو گلہ دبا کرقتل کردیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی لالہ موسیٰ اور ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ موقع سے اہم شواہد اکٹھے کرکے مقتولہ کے والد مقصود احمد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ نے ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دے کر ہدائیت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلداز جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جس پر پولیس ٹیم نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے مرکزی ملزم افضال مختار ولد مختار احمد ساکن ہریہ والا کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم مقتولہ کا خاوند ہے۔جس نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ اسے مقتولہ کے کردار پر شک تھا جس کی وجہ سے ملزم مذکور نے اپنی بیوی کے قتل کا منصوبہ بنا کر گھر میں ہی مریم بی بی کو تشدد کرکے اور اس کے منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کردیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان گجرات پولیس