کھاریاں (سلیم اختر بٹ ) وفاقی تعلیمی بورڈ اسلام آباد کی نمائندہ میڈم عالیہ مسعود کا بلوم فیلڈ ہال کھاریاں سٹی کیمپس کا دورہ، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، نئے امتحانی نظام SLO کے تحت اساتزہ کی کارکردگی کو جانچتے ہوئے بہترین قرار دیا۔ سکول کے نظام تعلیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ و منتظمین کے کردار کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق عصری تقاضوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیت اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے تعلیمی و امتحانی نظام میں متعدد تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے جن پر عمل درآمد گزشتہ تعلیمی سال سے ہو رہا ہے۔ نئے نظام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مختلف ماتحت تعلیمی اداروں میں کارکردگی جانچنے اور طلبہ و طالبات کو نئے نظام سے مکمل ہم آہنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز بلوم فیلڈ ہال سکول کھاریاں سٹی کیمپس کا دورہ کیا گیا۔ سکول پرنسپل کرنل ریٹائرڈ ہمایوں رشید نے سکول کے نظم و نسق اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ میڈم عالیہ مسعود نے مختلف جاری کلاسز کا دورہ کیا ،طلبہ و طالبات اور اساتذہ سے ملاقاتیں بھی کیں اور ایس ایل او نظام تعلیم کی افادیت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نئے نظام کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار اداکرنے اور گزشتہ تعلیمی سال میں شاندار نتائج پیش کرنے پر سکول پرنسپل اور اساتزہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ میڈم نے پری سکول میں مروجہ طریقہ تدریس کو مثالی قرار دیا جبکہ ثانوی درجہ میں تمام تعلیمی اور غیر نصابی سہولتوں کو بہتر قرار دیا۔