امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں اسلحہ کی نوک پر سکھ خاندان کو اغوا کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق مرسڈ کاؤنٹی شیرف ورن وارنکے نے میڈیا کو بتایا کہ امندیپ سنگھ ان کے بھائی جسدیپ سنگھ ان کی اہلیہ جسلین کور اور 8ماہ کی بیٹی اروہی ڈھیری کوسینٹرل ویلی کمیونٹی میں واقع ان کے بزنس سنٹر سے ان کی مرضی کے خلاف لے جایا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم نے 48سالہ شخص کو بھی حراست میں لے لیا ہے جس نے گزشتہ رات کیلیفورنیا کے ایک بینک میں مغوی خاندان کے ایک رکن کا اے ٹی ایم کارڈ استمال کیا تھا ۔اس شخص کی شناخت مینوئل سالگاڈو کے نام سے ہوئی ہے اور اس نے دوران گرفتاری اپنی جان لینے کی کوشش بھی کی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ شیرف کے دفتر کے اہلکار کیلیفورنیا کے محکمہ انصاف، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشنز، اور دیگر مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔