انڈیا: پنجاب کے ایک گاؤں میں داماد نے بیوی بچوں سمیت ساس سسر کو زندہ جلا دیا

انڈین پنجاب کے ضلع جالندھر میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو زندہ جلانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ جگراؤں جالندھر روڈ پر ستلج ندی کے پُل کے ساتھ واقع گاؤں بٹلاں کا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے اپنے میکے آنے والی بیوی، دو بچوں، ساس اور سسر کو زندہ جلا دیا۔ مرنے والوں میں ملزم کی 28 سالہ اہلیہ پرمجیت کور، سات سالہ بیٹی ارشدیپ کور، پانچ سالہ بیٹا انمول سنگھ، سسر سرجن سنگھ اور ساس جوگندر بائی شامل ہیں۔

ولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کر کے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی۔ ملزم پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے بعد کمرے کو باہر سے تالا لگا کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مرنے سے پہلے بُری طرح جھلس جانے والے خاندان کے ایک فرد نے ایک بیان میں واقعے کی معلومات دی تھیں۔

بٹلاں گاؤں کی پرمجیت کور کی شادی خورسید پورہ گاؤں کے کلدیپ سنگھ کالی سے ہوئی تھی۔ یہ پرمجیت کور کی دوسری شادی تھی اور ان کے دونوں بچے ان کی پہلی شادی سے تھے۔

گاؤں والوں نے بتایا کہ پرمجیت کور کچھ دن پہلے ہی گھریلو جھگڑے سے پریشان ہو کر گھر آئی تھی جبکہ گذشتہ رات شوہر کلدیپ سنگھ کالی سسرال آیا ہوا تھا۔

پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور اس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ لاشوں کو نکودر ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں