آسٹریلیا کے ایک دور افتادہ مغربی علاقے میں دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو دوربین نصب کرنے کے کام کا آغاز ہو گیا ہے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس کی مدد سے دور دراز سیاروں اور کہکشاؤں سے آنے والے سگنلز کو وصول کرنے اور ان پر تحقیق میں مدد ملے گی۔
اس ریڈیو دوربین کی خاصیت یہ ہے کہ اسے بین الاقوامی سائنسی تعاون حاصل ہے جس کے ذریعے ایک لاکھ 30 ہزار اینٹیا اور 200 سیٹلائٹس کو آپس میں مربوط کیا جائے گا جس سے ریڈیو دوربین کا قطرایک مربع کلو میٹر ہو جائے گا۔
اس دور بین کی دو طاقت ور رسد گاہیں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں دیو قامت اور انتہائی حساس دوربینوں پر مشتمل ہو نگی۔
سائنس دانوں کو توقع ہے کہ یہ ریڈیو دور بین خلا سے موصول ہونے والے سگنلز سن کر اور خلا کی گہرائیوں میں دیکھ کرایسے بنیادی سوالات کا جواب تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے کہ کیا ہم کائنات میں اکیلے ہیں یا کسی اور سیارے میں بھی کوئی مخلوق موجود ہے؟ اولین ستاروں نے چمکنا کیسے شروع کیا اور ’ ڈارک انرجی‘ کیاہے جو پر اسرار انداز میں کائنات کو الگ کر رہی ہے؟