جدہ (نئی دنیا)سعودی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایئر لائن کا ٹکٹ خریدنے والوں کو سیاحتی ویزا مفت فراہم کرے گی، ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ سروس بہت جلد شروع کی جائے گی،
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ایئر لائنز کے ترجمان عبداللہ الشہرانی نے کہا ہے کہ رواں سال 2023 کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ اور اندرون ملک پروازوں کے لیے نصف ملین نشستوں کا اضافہ کیا جائے گا،
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 2023 کے دوران ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے10 نئے طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے اور ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوگا، انہوں نے بتایا کہ 10میں سے 7 طیارے ایئربس 321نیو اور تین بوئنگ طیارے ہیں ،
ترجمان کے مطابق اس سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے تناسب کو 40 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ ہے، اس کے علاوہ اندرون ملک پروازوں کے لیے نشستوں کی تعداد میں نصف ملین تک اضافہ کیا جائے گا،
انہوں نے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں سعودی ایئرلائن بہت جلد ایک نئی سروس شروع کرنے جارہی ہے جس میں ٹکٹ خریدنے پر اس کے ساتھ بغیر فیس کے سیاحتی ویزا جاری کیا جائے گا،
عبداللہ الشہرانی نے کہا کہ یہ ویزا آپ کو سعودی عرب میں 96 گھنٹے (چار دن) گزارنے کی اجازت دیتا ہے۔ مسافر اس دوران ملک کے مختلف شہروں کا سفر کرسکتے ہیں اور عمرہ کرسکتے ہیں،
سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے مسافروں کو سعودی وژن 2030 کے مطابق سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد کو راغب کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنے پر سیاحتی ویزا جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔