اسلام آباد (ڈیسک رپورٹ )وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا ، جس میں فوج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین کو قابل سزا جرم قرار دینے کی تجویز پر غور کیا جائے گا ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر کابینہ اراکین شرکت کریں گے۔ اجلاس میں فوج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین چلانے پر پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا پر غور کیا جائے گا جبکہ ضابطہ فوجداری قوانین میں ترمیم کا بل منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ کابینہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کا صدر تعینات کرنے کے حوالے سے غور کرے گی ۔اہم اجلاس میں ملک کی اقتصادی اور سیاسی صورتحا ل پر بھی غور کیا جائے گا ۔