لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آڈیو لیک سنگین معاملہ ہے جس کا سپریم جوڈیشل کونسل میں کیس جانا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں اپنے دفتر سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی جسٹس مظاہر نقوی سے متعلق آڈیو لیکس بڑا سنگین معاملہ ہے، ان ہی کرداروں کی وجہ سے آج پاکستان اس مقام پر پہنچا ہے اور سر کے بل گررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک کا بھرپور نوٹس لیا جانا چاہیے اور اس کیس کو سپریم جوڈیشل کونسل بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا نام سپریم جوڈیشل نہیں بھیجنا تو میرا نام بھیج دیں، اتنے الزمات مجھ پر لگائے ہیں ایک اور الزام لگ گیا تو کیا ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ کے ٹولے (گینگ آف فائیو) کو بھی معافی نہیں ملنی چاہئے، میرے چار سالوں کا موازنہ عمران خان کے چار سالوں کے ساتھ کیا جانا چاہئے، ہم پاکستان کی بہتری کیلئے ڈٹے رہیں گے، ہم پیچھے ہٹ گئے تو پھر ملک اور قوم کی کون خبر لے گا۔