ڈکیتیوں کے دوران خواتین سے زیادتی کرنے والے 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں پار

گوجرانوالہ (ڈیسک نیوز) گوجرانوالہ میں ڈکیتیوں کے دوران خواتین سے جنسی زیادتی کرنے والے 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے، ملزمان ذیشان، عامر اور ساجد کو گذشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔

نجی نیوز چینل کے مطابق برآمدگی کیلئے لے جاتے ہوئے ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے چھڑوا لیا تھا۔ پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا، تعاقب پر فرار ہونے والے ملزمان سے ہرپوکی کے قریب آمنا سامنا ہوا جہاں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان تھانہ اروپ، تتلے عالی اور لدھیوالہ وڑائچ سمیت علاقوں میں ڈکیتی کی کارروائیوں کے دوران خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے حوالے سے بدنام تھے، انہوں نے 26 فروری کو اروپ میں دوران ڈکیتی ماں اور بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی، مقدمہ درج کروایا گیا تو ملزمان نے انتقام لیتے ہوئے متاثرہ لڑکی کو دوبارہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے انسانیت سوز واقعے پر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں