آل پاکستان ایف جی ای آئیز کینٹ گیریژن ٖ فٹ بال مقابلہ جات
ایف جی ای آئیز کھاریاں ریجن کے زیر انتظام ،آل پاکستان ایف جی ای آئیز کینٹ گیریژن کے سالانہ کھیلوں کے مقابلہ جات کے فائنل مرحلے میں ایف جی ڈگری کالج برائے طلباء کھاریاں کینٹ کے خوبصورت فٹ بال گراؤنڈ میں سیمی فائنل اور فائنل کے دلچسپ میچز ہوئے۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل ڈائریکٹر ایف جی ای آئیز کھاریاں ریجن لیفٹیننٹ کرنل راحیل احمد مطلوب اور پرنسپل ایف جی ڈگری کالج برائے طلباء کھاریاں کینٹ پروفیسر سید جاوید اسلم نے اظہار خیال کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ریجنل سپورٹس سیکرٹری پروفیسر محمد اسجد اور کالج سپورٹس سیکرٹری پروفیسر عامر عباس کی گراؤنڈ کی تیاری اور دیگر منتظمین کی طرف سے مقابلہ جات کے انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کی کوششوں کو سراہا۔۔پہلے سیمی فائنل میں ایف جی ڈگری کالج پشاور کینٹ کی ٹیم نےدفاعی چیمپین ایف جی انٹرکالج کراچی کینٹ کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ایف جی انٹر کالج منگلا کینٹ نے ایف جی ڈگری کالج لاہور کینٹ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کرفائنل تک رسائی حاصل کی۔کالج ہذا کے تمام اساتذہ اور طلباء ان دلچسپ میچز سے خوب محظوظ ہوئے۔9 مارچ کو فائنل میچ کے مہمان خصوصی جی او سی 37ڈویژن میجر جرنل فرحان یوسف خاں تھے۔ ریجنل ڈائریکٹر ایف جی ای آئیزکھاریاں ریجن ، پرنسپل کالج ہذا پروفیسر سید جاوید اسلم اور ریجنل سپورٹس سیکرٹری پروفیسر محمد اسجد نےمہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ فائنل میچ میں ایف جی ڈگری کالج پشاور کینٹ نے ایف جی انٹر کالج منگلا کینٹ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔میچ کے اختتام پہ مہمان خصوصی نے اپنے دست مبارک سے دونوں ٹیموں میں انعامات تقسیم کیےاور کھیلوں کی اہمیت و افادیت پہ زود دیتے ہوئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔