پیرس (حمید چوہدری سے ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گندگی اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیلنے لگا ہے جس سے شہری شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خوشبوؤں کے شہر سے مشہور پیرس کچرا کنڈی بن گیا۔ پیرس کے عوامی مقامات اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں، کئی ٹن بدبو دار کچرا جمع ہونے سے شہری اذیت میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔ کچرا جمع ہونے سے شہر گلی کوچوں میں چوہوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شہر میں صفائی کے ذمہ دار اہلکاروں نے حکومت کی پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کر رکھی ہے۔ صدر ایمانوئیل میکرون نے پنشن کی عمر 62 سے بڑھا کر 64 سال کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس پر کچرا اٹھانے والے اہلکاروں نے 9 دن سے ہڑتال کر رکھی ہے۔ پیرس کی گلیاں اس وقت کوڑے کے ڈھیروں سے اٹی ہوئی ہیں اور ایک اندازے کے مطابق 5 ہزار 600 ٹن کچرا شہر میں جمع ہو چکا ہے ۔