سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے کہا ہے کہ اخبارات اور پوسٹرز میں قرآنی آیات لکھی جاتی ہے اور انہیں مناسب طریقے سے محفوظ نہیں کیا جاتا جو قرآن پاک کی بے حرمتی کا سبب بنتے ہیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اخبارات میں قرآنی آیات کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے اور آیات کی جگہ اُن کا مفہوم لکھا جائے اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت دی جائے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے یہ ہدایت منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں دی جو چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے ”قرآن پاک کی اشاعت (چھپائی اور ریکارڈنگ کی غلطیوں کا خاتمہ) ترمیمی بل 2022“ پر تفصیلی غور کیا۔ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بل کا بنیادی مقصد قرآن پاک کی معیاری طباعت و اشاعت اور قرآن پاک کی اغلاط سے پاک اشاعت کو یقینی بنانا ہے۔