عمران خان

میرے قتل کی سازش میں رانا ثناء کا کلیدی کردار ہے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے قتل کی سازش میں رانا ثناء اللّٰہ کا کلیدی کردار ہے۔ صدر سی پی این ای کاظم خان سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ سازش کے باقی دو کرداروں کے نام پہلے ہی بتا چکا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے قتل کی تحقیقات سبوتاژ کرنے میں تینوں کا اہم کردار ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ بزدل آدمی ہے، وہ وزیر داخلہ نہیں دہشتگرد مافیا کا رکن ہے، قتل کی دھمکیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ تاریخ سے آگے گئے تو سمجھیں قانون ختم، الیکشن کی تاریخ مافیا کی سیاسی موت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے رہنماؤں کو ہدایت دی کہ پی ٹی آئی کے امیدوار 30 اپریل کے حساب سے مہم جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی پاسداری کیلئے ہر طرح کی اے پی سی میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں، چوروں کا گروہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ پر الزام تراشی، دباؤ میں لانے کی کوششیں نون لیگ کا پرانا وتیرہ ہے، یہ وہی ہیں، جن کے مسلح جتھے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں