کئی سال پہلے ایکسپائر ہونے والی ادویات کا بڑا انبار کوئٹہ کے سٹی نالے سے برآمد کر لیا گیا ہے۔ جن میں 2018 اور 2019 میں ایکسپائر ہونے والی ادویات بڑی تعداد میں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ پشین اسٹاپ کے قریب سٹی نالے سے ایکسپائر ادویات ہزاروں کی تعداد میں برآمد ہوئی ہیں۔ جنہیں ضائع کرنے کیلئے سٹی نالے میں پھینکا گیا ہے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ مذکورہ ادویات سال 2018 اور 2019 میں ایکسپائر ہوئی تھیں، جبکہ انہیں 2023 میں پھینکا جا رہا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے تاحال اسکا نوٹس نہیں لیا ہے، اور نہ ہی اس حوالے سے ابھی تک انکی جانب سے کوئی اقدام سامنے آیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ حکام کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقہ مسجد روڈ میں ادویات کی دکانوں پر چھاپہ مارا۔ جس میں ایکسپائر ادویات رکھنے والے متعدد دکانوں کو سیل اور دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ سٹی نالے میں ایکسپائر ادویات پھینکنے والے دکاندار کون ہیں۔