حکمران جماعتوں نے مفادات کے لیے لڑائی میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ،آئین و قانون کا مذاق اڑ رہا ہے، جماعت اسلامی پاکستان

پشاور (نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے ، معیشت تباہ ہوچکی اور مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیے، ہمیں قومی انتخابات کی طرف جانا ہو گا۔

مرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکمران جماعتوں نے مفادات کے لیے لڑائی میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ آج ملک میں آئین و قانون کا مذاق اڑ رہا ہے، قانون صرف غریب کے لیے ہے۔ تمام ادارے باہم دست و گریبان اور ایک دوسرے کے ساتھ تصادم میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی اپوزیشن میں تھیں تو مہنگائی کے خلاف مارچز کرتی تھیں، جے یو آئی نے مہنگائی کے خلاف دھرنا دیا، آج یہ سب حکومت میں شامل ہیں اور مجرمانہ خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پارلیمنٹ میں ایک قانون بھی پاس نہیں ہوا، اس کے مقابلے میں آئی ایم ایف کے 36قوانین چند منٹوں میں پاس کرائے گئے، حکمرانوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے عوام کو ریلیف ملا ہو۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات حکومت کی ناکامی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات ہوتے ہیں، مسلح جتھے پھر رہے ہیں، مگر حکومت کہیں نظر نہیں آتی۔ جماعت اسلامی کا انتخابی منشور قوم کے لیے امید کی کرن ہے، اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر منشور پر 100 فیصد عمل درآمد کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں