سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی محمد بن سلمان کی نوازشریف کا استقبال کرتے تصویر کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

ریاض (نئی دنیا نیوز )سابق وزیراعظم نوازشریف عمرہ کی ادائیگی کیلئے لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں اور اس موقع پر ان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ولی عہد محمد بن سلمان ان کا استقبال کر رہے ہیں تاہم اب اس تصویر کی اصل حقیقت سامنے آ گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوازشریف کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان کا پرتپاک استقبال کر رہے ہیں ، اس تصویر کے بارے میں دعوے کیے جارہے ہیں کہ بالکل تازہ تصویر ہے تاہم ایسا بالکل نہیں ۔

اس تصویر کے ساتھ سوشل میڈیا پر یہ تحریر درج کی جارہی ہے کہ ”یہ ہوتی ہے عزت ,سعودی کراؤن پرنس کی طرف سے میاں نواز شریف کا ائرپورٹ پر استقبال ,یہ وہی پرنس ہیں جنکی گاڑی کا ڈرائیور کا کردار عمران خان ادا کرتا تھا جہاں سے سفر ٹوٹا تھا وہیں سے شروع ہوا نواز شریف کو ختم کرتے کئی کردار خود ختم ہو گئے نواز شریف آج بھی اسی طرح قائم و دائم ہے۔“

ٹویٹرپر موجود پیج ” ایکسپوز پراپیگنڈہ “ نے اصل تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس تصویر کو شیئر کرنے سے پہلے آپکو لکھنا چاہیے تھا یہ 2016 کی تصویر ہے،ایسا نہ کرنے سے اس تصویر کا تاثر یہ جارہا ہے کہ جیسے یہ تصویر حالیہ دورہ سعودیہ کی ہیں۔

تصویر کے نیچے درج کپیشن پر غور کیا جائے تو یہ واضح ہو جاتاہے کہ تصویر حالیہ نہیں بلکہ 10 مارچ 2016 کو لی گئی جب نوازشریف نے بطور وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں ”حفر الباطن‘ کے مقام پر ہونے والی تھنڈر جوائنٹ ملٹری مشق کے موقع پر وزیر دفاع محمد بن سلمان ان کا استقبال کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں