لاہور (نئی دنیا ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے کارکنان سے کہا ہے کہ “میرے مرشد تو اس وقت بشریٰ بیگم ہیں، اور میں آپ کے مرشد (مرشد بننے ) کے شاید قابل نہیں ہوں”۔ وہ ایک کارکن کی طرف سے مرشد کہے جانے پر جواب دے رہے تھے ۔
عید کے موقع پر کارکنان سے سوال جواب کے سیشن کے دوران صوبائی اسمبلی کے حلقہ 292 رحیم یارخان سے آئے کارکن نے کہا کہ ” میں اپنے مرشد عمران خان کو عید مبارک کہتا ہوں، میں 2011 سے کپتان آپ کا ورکر ہوں، آپ کے سامنے خطاب کررہا ہوں جو دل کی خواہش تھی ، میں ایسے حلقے سے ہوں جس پر سرداروں کی حکمرانی رہی، آپ نے غیر ملکی ایجنٹوں پر تو نظر رکھی لیکن اس حلقے پر نہیں ، اب بھی ٹکٹ پر نظر ثانی کریں”۔
عمران خان نے جواب دیتے ہوئے سب سے پہلے یہ واضح کیا کہ ” مرشد، میرے مرشد تو اس وقت بشریٰ بیگم ہیں، اور میں آپ کے مرشد کے شاید قابل نہیں ہوں”۔ان کا مزید کہناتھاکہ سرداری نظام ، پرانے نظام میں کوئی شک نہیں، خاندانی سیاست رہی لیکن پاکستان بدل رہا ہے ، میری نظر میں وہ وقت دور نہیں جب ساری برادریاں پیچھے رہ جائیں گی اور میرٹ آگے آجائے گا۔