وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا،اہم فیصلے متوقع

لاہور(نئی دنیا) وزیراعظم شہباز شریف نے کل (بدھ )وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں کن امور پر غور کیا جائے گا اس حوالے سے جو تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں ان کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے امور بھی زیرغور آئیں گے جبکہ سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سپریم کورٹ میں انتخابات ایک ہی دن کرانے کی پٹیشن کے معاملے پر اپنے قریبی سیاسی رفقاء و قانونی ماہرین سے مشاورت کی۔
ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم شہبازشریف لاہور میں اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاﺅن پر موجود ہیں،وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن )کی اعلیٰ قیادت اور قانونی ماہرین نے ملاقاتیں کیں،وفاقی وزراءخواجہ سعد رفیق اورسردار ایاز صادق نے وزیراعظم سے ملاقات کی،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی وزیراعظم سے ملاقات میں شریک ہیں،ملک احمداور احد چیمہ بھی شہبازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی،ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں