لیبیا (ویب نیوز)لیبیا کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوبنے سے 57 افراد ہلاک ہوگئے، کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، شام اور تیونس سے بتایا جارہا ہے۔
لیبین کوسٹ گارڈ کے مطابق کشتیاں ڈوبنے سے 57 تارکین وطن ہلاک ہوئے جن میں سے 1 بچے سمیت 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
حادثے کا شکار کشتیوں کے 4 مسافر تیر کر ساحل تک آنے میں کامیاب ہوگئے۔
بچ جانے والے افراد کے مطابق ڈوبنے والی ایک کشتی میں 80 افراد موجود تھے اور یہ تارکین وطن غیر قانونی طور پر بحیرۂ روم کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے۔
جن کا تعلق پاکستان، شام، تیونس اور مصر سے تھا۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں 441 تارکین وطن یورپ جانے کی کوشش کے دوران بحیرہ روم کو عبور کرتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں جو تین ماہ کے عرصے میں گزشتہ چھ سالوں میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔