فرانس(حمیدچوہدری سے)اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین( پی ایس جی) نے معطل کردیا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کو 2 ہفتے کے لیے معطل کیا گیا ہے، اس دوران وہ کلب کی طرف سے 2 میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق معطلی کے باعث لیونل میسی کو ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں اس دوران معاوضہ بھی نہیں دیا جائے گا۔
دوسری جانب لیونل میسی نے فی الحال اس معطلی کے حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال قطر میں ارجنٹائن کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے لیونل میسی ان دنوں فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منانے سعودی عرب میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ میسی نے گزشتہ سال مئی میں بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، اس دورے میں اسٹار فٹبالر نے دوستوں کے ہمراہ جدہ کے ایک سالانہ تہوار میں شرکت کی تھی۔