تربیت یافتہ بلوائیوں نے ہنگامہ کیا، انہیں ٹریننگ کہاں دی گئی؟ مریم نواز کاسنگین الزام

لاہور (نئی دنیا ) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری اور اس کے بعد ہونے والے احتجاج پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ’تربیت یافتہ بلوائیوں نے ہنگامہ آرائی کی، حکومت کو ان شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ’فتنہ کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں کہیں بھی عوام باہر نہیں نکلی، صرف وہ تربیت یافتہ بلوائی باہر آئے ہیں جنہیں پچھلے کئی ماہ سے زمان پارک میں اس کی ٹریننگ دی جارہی تھی۔ آج سامنے آنے والی آڈیوز سے بھی یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اس تخریب کاری کا منصوبہ عمران خان نے خود بنایا ہوا تھا اور وہ تنصیبات مارک کی ہوئی تھیں جہاں اس کی گرفتاری کی صورت میں حملہ کیا جانا تھا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے تحریکِ انصاف کے ان دہشتگردوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے اور کسی احتجاج کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ یہ عمران خان کی تخریبی سیاست کے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہے۔ حکومت کو ان شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں