سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا

اسلام آباد (نئی دنیا) سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کو دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کل کیس کی سماعت کرے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں سپریم کورٹ پہنچا یا گیا ۔ انہیں ججز گیٹ سے اندر لے جایا گیا۔ عمران خان پیدل چل کر سپریم کورٹ میں پہنچے جہاں ان کی گرفتاری کے حوالے سے کیس کی سماعت ہو رہی ہے۔ عمران خان جب عدالت کے اندر جانے لگے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا اور سوالات کرنے شروع کردیے، ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا دوران حراست آپ پر تشدد کیا گیا؟ اس سوال پر عمران خان خاموش رہے اور چلے گئے۔

نیب حکام نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم پر پیش کیاہے ، سپریم کورٹ نے عمران خان کو ایک گھنٹے میں پیش کرنے کاحکم دیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ یہاں سپریم کورٹ میں کوئی فالوور موجود نہیں ہوگا، یقینی بنائیں، وہی وکلا اور صحافی موجود ہوں جو اس وقت یہاں موجود ہیں۔سب کو قانون پر عمل کرنا ہوگا،عدالتی دروازے سے لوگوں کو گرفتار کیا گیاتوعدالت کون آئے گا؟عمران خان کی آمد پر کارکن سپریم کورٹ نہ آئیں، ہم آج ہی حکم جاری کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں