اسلام آباد(نئی دنیا)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو حفاظتی تحویل میں لے سکتے ہیں۔
نیوز چینل پروگرام میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ زمان پارک تک عمران خان کو پہنچانا ہماری ذمے داری ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کو ہجوم کے حوالے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بے مثال عدالتی سہولت کاری کی گئی ہے، عدالتی آرڈرز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم عدالتی آرڈرز کو ضرور چیلنج کریں گے، فی الحال اس کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس عدالتی ریلیف کے بعد 10، 20 قتل بھی کردیں تو کوئی گرفتار نہیں کرسکتا۔رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ہم عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کریں گے، کسٹڈی سے مراد یہ ہے کہ ہم عمران خان کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج کےلیے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان ضلعی انتظامیہ سے اجازت لیں گے۔