اسلام آباد (نئی دنیا)مسلسل چار روز بند رہنے کے بعد ملک بھر میں انٹر نیٹ سروس بحال کر دی گئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر ہی تین دن سےانٹرنیٹ سروس بند کی تھی ۔ابھی وزارت داخلہ نے انٹرنیٹ بحالی کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان ٹیلیکام انڈسٹری کے مطابق 3 روزمیں ٹیلی کام سیکٹرکو2 ارب 46 کروڑکا نقصان ہوا۔آل پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق آئی ٹی سیکٹرکو10 ارب کا نقصان ہوچکا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی القاد رٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں ہونے والی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پر تشدد مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کو بند کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ، حکومت نے ٹویٹر اور فیس بک سمیت بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی بلاک کر دیا تھا، جب کہ یوٹیوب سروسز ”غیر مطلوبہ معلومات“ کے پھیلاؤ کی وجہ سے عوام میں پھیلنے والی غلط معلومات اور خوف و ہراس پر قابو پانے کے لیے سست روی کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔