کراچی(نئی دنیا ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان میں پہلی بار جنسی مجرموں کی قومی رجسٹری این ایس او آر کا اجراء کر دیا ہے جس کے ساتھ شہریوں کے لئے ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
جنسی جرائم میں سزایافتہ افراد کے اس ڈیٹا بیس کی بدولت شہری اور ادارے ملک بھر میں کسی بھی جگہ سے ایسے افراد کی شناخت اور ٹریکنگ کر سکتے ہیں جو بچوں اور خواتین کی بے حرمتی سمیت جنسی جرائم میں سزا یافتہ ہیں۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط بھی قائم کر دئیے گئے ہیں جن کی بدولت اس رجسٹری میں براہ راست تازہ ترین معلومات کا اضافہ ہوتا رہے گا۔
اس سہولت کا مقصد جنسی تشدد اور بدسلوکی کی روک تھام کے سلسلے میں شہریوں اور اداروں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں سے وہ اپنی ضرورت کے مطابق فوری معلومات حاصل کر سکیں۔ شہریوں، ملازم رکھنے والے اداروں اور محکموں کو تصدیقی ایس ایم ایس کے ذریعے ایسے مجرموں کے بارے میں خبردار کر دیا جائے گا۔