لاہور (نئی دنیا) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا جتھہ دہشت گردوں سے کم نہیں،جناح ہاؤس مکمل طور پر جل چکا، دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، بلوائیوں اور سہولت کاروں کو کوئی رعایت نہ دی جائے اور 72 گھنٹوں میں گرفتارکیا جائے۔
کورکمانڈر ہاؤس کے دورے کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس تاریخی جناح ہاؤس ہے جسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، 75 سالہ تاریخ میں جو دشمن نہ کر سکا وہ عمران نیازی نے کر دیا۔ اس طرح کا کام کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا۔ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کر کے بد ترین دہشت گردی کا ثبوت دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں، اس المناک واقعے سے قوم غمگین ہے۔ جنہوں نے منصوبہ بندی کی انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ سکیورٹی فورسز نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دیں، عمران خان کا جتھہ دہشت گردوں سے کم نہیں، شرپسندوں کو ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے،دہشت گردی واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔