لاہور / پشاور (نئی دنیا )سول سوسائٹی کی درخواست پر کورکمانڈر ہاؤس لاہور اور ریڈیو پاکستان پشاور کی جلائی گئی عمارتوں کو عوام کیلئے کھول دیا گیا، ریڈیو پاکستان پشاور عمارت کو یونیورسٹیز اور اسکولوں کے اساتذہ اور طلباء کے لئے پیر سے جمعہ تک صبح دس بجے سے لیکر چار بجے تک کھولا جائے گا جبکہ عوام اور سول سوسائٹی شام 4 بجے سے لیکر 6 بجے تک ریڈیو پاکستان پشاور آ سکتے ہیں۔
عوام کو ریڈیو پاکستان پشاور کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا جائے گا اور انکو شر پسندوں کی طرف سے جلاؤ گھیراؤ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور کینٹ میں غنڈہ گردی اور تخریب کاری کے نتیجے میں جلائے گئے جناح ہاؤس اور ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر کو عوام اور سول سوسائٹی کی خواہش پر یکجہتی کے اظہار کا موقع دینے کے لیے کھولا گیا ہے۔یہ مقامات ہر روز دن 11 بجے سے ایک بجے اور 3 بجے سے شام 6 بجے تک عوام الناس کے لیے کھلی رہیں گی، میڈیا بھی اس دوران ان جگہوں کی کوریج کے لیے آ سکتا ہے۔