اسلام آباد(نئی دنیا )پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے کارکنان ریڈزون میں داخل ہو گئے ، پی ڈی ایم کارکن نعرے لگاتے ہوئے سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔
نجی نیوز چینل کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) اسلام آباد کو درخواست جمع کروا دی تھی تاہم انتظامیہ کی جانب سے دھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پی ڈی ایم کے کارکن بڑی تعداد میں ریڈ زون کے باہر جمع تھے ،کارکن گیٹ پھلانگ کر ریڈزون میں داخل ہو گئے،ان کاکہناتھا کہ ہم سپریم کورٹ کے سامنے ہی دھرنا دیں گے۔
خیال رہے وفاقی وزرا دھرنے کی جگہ تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران مقام تبدیل کرنے کی اپیل بھی کی،ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جگہ کا تعین آج صبح ہوگا۔