لاہور (نئی دنیا) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری فسطائیت ، ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے ۔
ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے، ریاست پر حملہ آور نہ ہو ، بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے تم نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، تم نے لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا لوگوں کی بہنوں کو گھسیٹا لیکن پھر بھی کوئی تمہاری طرح اس ملک پر حملہ آور نہیں ہوا، سیاست کا لبادہ اوڑھ کر تم نے ملک اور عوام کو سزا دی ، نہ ملکی معیشت کو چھوڑا، نہ عوام کے روزگار کو چھوڑا، نہ عوام کی روٹی کو چھوڑا ، بندوبست ہو رہا ہے تاکہ پاکستان کی تاریخ میں آئندہ کوئی یہ کوشش نہ کر سکے جو تم نے کی بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کسی کو یہ ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ ہو۔