عدالت عظمیٰ نے پانامہ لیکس میں نواز شریف کا نام شامل ہونے پر فیصلہ نہیں دیا،سپریم کورٹ ابھی تک خاموش ہے ،سراج الحق

اسلام آباد ( نئی دنیا ) امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے پانامہ کیس میں نواز شریف کیخلاف فیصلے سے متعلق اہم انکشاف کر دیا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سراج الحق نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے پانامہ لیکس میں نواز شریف کا نام شامل ہونے پر فیصلہ نہیں دیا نواز شریف کیخلاف فیصلہ کسی اور وجہ سے دیا گیا۔با اثر اور اشرافیہ کے نام پانامہ لیکس میں تھے، سپریم کورٹ ابھی تک ان پر خاموش ہے۔

سراج الحق نے مولانا ہدایت الرحمٰن کی ضمانت پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی دہلیز پر ہمیں انصاف ملا ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان میں محمود و ایاز ایک ہی صف میں ہوں، پاناما کیس میں ہماری درخواست کسی ایک فرد کے خلاف نہیں تھی، پانامہ لیکس میں 436 افراد شامل تھے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے کہا کہ پنڈورا لیکس پر بھی سپریم کورٹ نے کوئی ایکشن نہیں لیا، توشہ خانہ کیس میں بھی بڑے نام سامنے آئے، نیب، ایف آئی اے اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکے۔

ایک انٹرویو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مذاکرات کے لیے حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹیاں بن گئی ہیں، مذاکرات کے لیے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں، سیاست دان مل کر نہ بیٹھے تو خالی جگہ کوئی اور پُر کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی مشکلات کا ذکر ضرور کیا لیکن مذاکرات کے لیے مقدمات ختم کرنے کی شرط نہیں رکھی، مذاکرات کے لیے حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹیاں بن گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں