اسلام آباد (نئی دنیا )تحریک انصاف کے رہنما اور بلین ٹرین سونامی کے بانی ملک امین اسلم نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیاہے اور کہاہے کہ تمام شہروں میں فوجی تنصیبات پر پلاننگ کے تحت دھاوا بولا گیا، یہ منظم تھا، بغیر پلاننگ تمام شہروں میں یہ ممکن نہیں تھا، یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے پارٹی کو ہائی جیک کر لیاہے ، اس پارٹی کو اب اس کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ کرپشن کے خلاف، میرٹ پر اس خواب کا حصہ تھا جس کیلئے ہم نے پی ٹی آئی کو 13 سال پہلے جوائن کیا، اپنا پورا دل لگا کر خون پسینہ لگا کر جو بھی ہو سکتا تھا میں نے پارٹی کیلئے کیا ، میں نے کوشش کی کہ پارٹی کو ایسا ایجنڈا دیا جائے جس کے ذریعے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے مقابلہ کریں ۔
گرین ایجنڈے کو زبانی نہیں رکھا بلکہ پارٹی کیلئے 2013 میں گرین ایجنڈا تیار کیا ، اسے لانچ کیا، عمران خان کا شکریہ اداکر تاہوں کہ انہوں نے ہمیشہ عزت دی اور گرین ایجنڈے کی حوصلہ افزائی کی ، اس ایجنڈے کو 2014 میں کے پی میں بلین ٹری سونامی کے ذریعے اپلیمنٹ کر کے دکھایا، 2018 میں گرین ایجنڈے کو وفاقی سطح پر اپلیمنٹ کرنے کی کوشش کی ۔مجھے فخر ہے کہ جس گرین ایجنڈے پر کام کیا اسے پوری دنیا میں سراہا گیا ، اس سے پاکستان کا جھنڈا اونچا ہوا، پاکستان نے دنیا کو راستہ دکھایا، گزشتہ چالیس سالوں میں بہت کم ایسے ایجنڈے ہوں گے جسے دنیا نے سراہا ، 15 ممالک نے بلین ٹری کے نام سے منصوبے شروع کیئے ، یہ پاکستان اور عمران خان کے ایجنڈے کی جیت تھی ،اس کے پیچھے جو کچھ میں کر سکا وہ کیا ۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ وہ پراجیکٹ تھا جو کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ شفاف تھا ۔یہ اپنے بجٹ سے کم پر ختم ہوا، انٹر نیشنل آرگنائزیشن نے اس کے آزادانہ آڈٹ کیئے ، ،مجھے فخر ہے کہ اس ایجنڈے کو لیڈ کیا ، پی ٹی آئی کا سارا نظریہ ایک پرامن جماعت کا تھا، قانون اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی تھی ، آج بھی پارٹی قانون اور آئین کی ہی جدوجہد کر رہی ہے ، نو مئی کے جو واقعات ہوئے ، انہوں نے میرے جیسے تمام لوگوں کو شدید صدمہ پہنچایا ، ہم نے انہیں ورکروں کے ذریعے قانون نافذ کرنے کی بجائے قانون اپنے ہاتھ میں لے لیا ، ہم نے شہداءکی یادگاروں کو نہیں چھوڑا، ایم ایم عالم کے جہاز کو نہیں چھوڑا، جلوسوں کے ٹارگٹ آرمڈ فورسز کی تنصیبات تھیں، میں نہیں سمجھتاکہ یہ پلاننگ کے بغیر یہ پیٹرن ہر شہر میں فالو کیا جا سکے ، ہماری لیڈر شپ کو چاہیے تھا کہ ہم جوڈیشل انکوائری کی بات کرنے کی بجائے انٹرا پارٹی انکوائری کرتے ، جو لوگ اس میں شامل تھے ، انہیں بے نقاب کرکے ٹانگ دینا چاہیے تھا، ہم دیکھتے رہے لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا،
یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس کے ساتھ میرے جیسے لوگ کبھی تھے ، نہ ہیں اور نہ کبھی رہ سکتے ہیں، یہ ایجنڈا ہمارے دشمنوں کے خواب پورا کر رہاہے ، پاکستان کی عوام پاکستان کی فوج سے ٹکرا جائے ،یہ کیسا ایجنڈاہے ، یہ کن لوگوں نے بنایا ہے اور یہ کہاں سے پی ٹی آئی میں آ گیاہے ۔میں اسے دیکھ کر صدمے میں چلا گیا تھا ، جہاں جہاں احتجاج ہو رہاتھا ان سب کا طریقہ کار ایک ہی تھا، ہم کہہ رہے تھے کہ کوئی اور لوگ آ گئئے تھے لیکن ان جلوسوں کو لے کر کون گیا، اب وقت آ گیاہے کہ سب کو بے نقاب ہونا چاہیے ، یہ پاکستان ہے تو ہی ہم ہیں۔
بھاری دل کے ساتھ فیصلہ کرنا پڑا کہ میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، یہ ایجنڈا جو لو گ بھی بنا رہے ہیں وہ پارٹی کے خیر خواہ نہیں ہیں، وہ اس پارٹی کو کھائی میں دھکیل دیں گے ، میری سیاست کا مقصد یہ کبھی نہیں رہا، میرا خاندان چار پشتوں سے سیاست میں ہے ، ہم نے ملک کی خدمت کی ہے ، یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے پارٹی کو ہائی جیک کر لیاہے ، اس پارٹی کو اب اس کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا ۔میں پارٹی سے ، اس تحریک سے ، اپنی جوانی اس پارٹی کو دی ، آج یہ تحریک ایک تباہی کی طرف چل پڑی ہے ، جس کا حصہ میں نہیں بن سکتا ، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو چھوڑ رہاہوں ۔