کھاریاں سپرنٹنڈنٹ انجینئر گیپکو گجرات ملک محمد امین نے کھاریاں کے ایک شہری کی درخواست پر تین سو دس میٹر فور کور کیبل کی منظوری دے دی۔شہری نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو اپنے محلے کی تنگ گلیوں میں بجلی کے لٹکتے ننگے تاروں کی تصویر بھیجی تھی جس کے بعد گیپکو کھاریاں کے ایس ڈی او حرکت میں آئے ۔ایس ای گجرات نے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ کھاریاں کی تنگ گلیوں والے محلوں، ستار پورہ، بدر مرجان روڈ اور نیک عالم مارکیٹ سے ملحقہ گلیوں میں فورکور تار بچھا کر گیپکو نے کسی حد تک شہریوں کو محفوظ پایا ہے۔فور کور تاروں کی کوریج اور نئے ٹرانسفارمر وں کی تنصیب سے بجلی کے کم وولٹیج بھی بہتر بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبادیوں میں بے ہنگم اضافہ اور بجلی کی طلب میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے گیپکو کے ورکرز پر کام کا دباو زیادہ ہے جسے کم کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔