اسلام آباد(نئی دنیا)پاکستان تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے کہا ہے کہ ان کے بچوں کے سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹس نہیں ہیں۔
جمائمہ خان نے یہ وضاحت ٹوئٹر پر ان کے دونوں صاحبزادوں سلیمان عیسی خان اور قاسم خان کے نام سے بنے ہوئے اکاؤنٹس کے سکرین شاٹس وائرل ہونے اور ایک صارف کی جانب سے ان کے اصل ہونے کی تصدیق چاہنے کے جواب میں کی ہے۔جمائمہ خان نے بچوں کے جعلی اکاؤنٹس کی وضاحت کرنے کے لیے بھی ٹوئٹر کا سہارا لیا اور اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کے نام سے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ پاکستان میں سیاسی ایجنڈا رکھنے والے بہروپیوں نے بنائے ہیں۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹویٹر کی بلو ٹک ویریفکیشن ختم کیے جانے کے بعد مجھے اسی چیز کا ڈر تھا۔جمائمہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ میرے بچے سوشل میڈیا پر نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا ( سوشل میڈیا پر آنے کا ) کوئی ارادہ ہے۔