ملک میں جاری یزیدیت کیخلاف آخری دم تک مزاحمت کروں گا،عمران خان

لاہور (نئی دنیا) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ سرِعام انسانی حقوق کا خون کیا جارہا ہے، ملک میں جاری یزیدیت کیخلاف آخری دم تک مزاحمت کروں گا۔

ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ہی اصل دستور ہے، ملک میں اس لاقانونیت کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ ہے، عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کے ساتھ آئین کو بھی نہایت بےرحمی اور ڈھٹائی سے روندا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں ، پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے، ہمارے قائدین کو تحریک چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے،عدالتی احکامات کے باوجود عمران ریاض کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شدید گرم موسم میں ہمارے گرفتار کارکن تنگ و تاریک کوٹھڑیوں میں ٹھونس دیے گئے ہیں، متعدد کارکنان کو دورانِ حراست بدترین تشدد کا سامنا ہے، اس یزیدیت کے سامنے سَرنِگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں