لاہور (نئی دنیا) کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کے روز کورکمانڈر کی وردی پہن کر غنڈہ گردی کرنیوالے شخص نے اعتراف جرم کر لیا۔
شرپسند جان محمد کا تعلق ضلع مہمند سے ہے، احتجاج کی آڑ میں جان محمد نے کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا اور یونیفارم کی تضحیک کی۔ جان محمد نے اعتراف کیا کہ زمان پارک میں لگائے کیمپس میں سے مہمند باجوڑ کیمپ کا حصہ تھا، عمران خان نے کیمپس میں کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی اور بتایا کہ کس نے کیا کرنا ہے، ہمارا کام عمران خان کو گرفتاری سے بچانا تھا۔ عمران خان گرفتار ہوئے تو شیخ امتیاز نے کارکنان کو کینٹ کی جانب مارچ کرنے کیلئے کہا۔ اعجاز چوہدری، محمودالرشید، یاسمین راشد اسلم اقبال اور دیگر ریلی میں موجود تھے۔
جان محمد کا مزید کہنا تھا کہ یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری نے کورکمانڈر ہاؤس جانے کا کہا۔ کورکمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے دوران یونیفارم ملا جسے پہن کر ویڈیو بنائی۔ میں نے کور کمانڈر کی شرٹ پہنی اور حسان نیازی نے پینٹ پکڑ لی۔