پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے عائشہ گلا لئی کا مسلم لیگ(ق) میں شمولیت کا اعلان

لاہور (نئی دنیا) تحریک انصاف کی سابق ایم این اے عائشہ گلا لئی نے مسلم لیگ (ق) پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

نجی نیوز چینل کے مطابق عائشہ گلا لئی نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق) جو بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کی پارٹی ہے، اس میں شمولیت اختیار کر رہی ہوں۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن کریم کی آیت ‘تم امتوں میں سے بہترین امت پیدا کئے گئے ہو جو نیکی کا حکم دیتی ہے اور برائی کے کاموں سے روکتی ہے’ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں یوم تکریم شہدا منایا جا رہا ہے، میں پاکستان کے بہادر بیٹوں جنہوں نے پاک سر زمین کیلئے جانوں کی قربانیاں پیش کیں، ان کے بیوی، بچوں، ماوں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ ہماری دعاوں میں ہیں، آپ کی جرات، صبر، حوصلے اور مخلصی کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ آپ کے بیٹے شہید ہو گئے مگر پاکستان کا ہر بچہ آپ کا بیٹا ہے۔ وہ آپ کی قربانیوں کو سراہتا اور سر پر رکھنا جانتا ہے۔

عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور اس کی محافظ پاک فوج ہے۔ پاکستان کا ہر شہری پاک فوج کا سپاہی ہے۔ 2017 میں عائشہ گلا لئی نے حسینی پرچم، یزیدیت کے خلاف اٹھایا، مجھے معلوم تھا کہ ہواؤں کا رخ کس طرف تھا، مگر میں نے حسینی پرچم اٹھا کر قوم کو جو باتیں بتائیں وہ قدرت آج سچ ثابت کر رہی ہے۔ مجھ سمیت پی ٹی آئی میں جتنے لوگ شامل ہوئے، کسی شخصیت کیلئے نہیں بلکہ ایک نئے وژن کیلئے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے گذشتہ 5 سال بہت سی جماعتوں نے شمولیت کی دعوت مگر کسی پارٹی کو جوائن نہیں کیا اور آخر میں آج مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر رہی ہوں ، یہ وہ جماعت ہے جو قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی جماعت ہے۔ پاکستان کی قدر کرنیوالی پارٹی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں