ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے

راولپنڈی(نئی دنیا )ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے،ملک میں بھر میں دن کا آغاز نماز فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا،لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر کی مساجد میں شہدا کیلئے قرآن خوانی کی گئی ،قرآن خوانی، دعاﺅں میں پاکستان کی سلامتی اور امن کی دعائیں کی گئیں،،تقریبات میں شہدا پاک سرزمین کیلئے خصوصی دعائیں بھی کرائی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہداء پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہداء پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔

آج جی ایچ کیو، ائیر ، نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی جبکہ صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

یوم تکریم شہداء کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے،آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی ۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران اور سول سوسائٹی کےنمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں