اسلام آباد (نئی دنیا) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء راجہ خرم نواز، ہاشم ڈوگر، رائے تیمور بھٹی،ڈاکٹر اختر ملک اور طارق عبداللہ نے ساتھیوں سمیت پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں طارق عبد اللہ نے کہا ہے کہ نو مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، نو مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں اور تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، مجھ پر پارٹی چھوڑنے کا کوئی پریشر نہیں، قومی اداروں سے ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر اختر ملک نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہوں، سیاست بڑا بے رحم سا کھیل ہے، میڈیکل ڈاکٹر ہوں اپنے پروفیشن کو جاری رکھوں گا، یہ ملک، لوگ اور ادارے ہمارے ہیں، سب کو ملک کی بہتری کا سوچنا چاہیے۔
ہاشم ڈوگر اور رائے تیمور بھٹی سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ 9 مئی کا دن بھول نہیں سکتے، ہم تحریک انصاف سے راہیں جدا کررہے ہیں، پاک فوج اور ادارے ہماری ریڈلائن ہیں، 9 مئی واقعات میں جو ملوث تھے ان کو عبرتناک سزا ملنی چاہئے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں سیاست کو سیاست تک رکھنا چاہئے، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کم ہے، ملوث لوگوں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔
رائے تیمور بھٹی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہمارا دفاع مضبوط اور ریاست قائم ہے تو ہم سب قائم ہیں، ہم ریاست اور پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگلے سیاسی لائحہ عمل کا سب دوست مل کر فیصلہ کریں گے۔