1998ء میں کوئی اور وزیر اعظم ہوتا تو دھماکوں کی بجائے بالٹی میں منہ چھپا لیتا، مریم نواز

لاہور (نئی دنیا ) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 1998ء میں کوئی اور وزیر اعظم ہوتا تو دھماکے کرنے کی بجائے بالٹی میں منہ چھپا لیتا۔

لاہور میں یوم تکبیر کے موقع پر ہونیوالے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے طاقت ور ممالک کے دباؤ کو قبول نہ کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کیے جس کی وجہ سے ملک ناقابل تسخیر ہوگیا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتوں نے نواز شریف کو خریدنے کی کوشش کی اور بے شمار مال و دولت کا لالچ دیا لیکن نواز شریف نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایٹمی دھماکے کر دیئے، اسی ایٹم بم کی وجہ سے آج دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرت نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف نواز شریف ہے جس نے ملک کے دفاع کو مضبوط تر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور دوسری طرف عمران خان ہے جس نے دفاعی تنصیبات پر حملے کیے، ملک کے دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کی یادگاروں کو نظر آتش کیا، جو کام عمران خان نے کیا ہے وہ کام بھارت اور ٹی ٹی پی بھی نہیں کرسکے، عمران خان کو اپنے گناہوں کی سزا مل رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں