پیرس میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیر اہتمام کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا انعقاد

فرانس ( حمید چوہدری سے )پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیر اہتمام کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا انعقاد
کانفرنس میں مختلف سیاست ، تجارت ، صحافت ، معاشرت ، ادب اور ثقافت سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی
پاکستان اس وقت مضبوط ہوگا جس وقت افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں فاصلے ختم ہوں گے۔ شہداء افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کانفرنس کی میزبانی سردار ظہور اقبال چئیرمین بزنس فورم فرانس کررہے تھے
پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاک فوج کے شہداء کے ساتھ اظہار عقیدت ، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے باہمی اتحاد ، ارض وطن کے استحکام کیلئے پاکستان بزنس فورم فرانس نے کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا اہتمام کیا۔ کانفرنس کی میزبانی بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال کررہے تھے۔ سردار ظہور اقبال نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث شرپسندوں کو سخت سزا دی جائے لیکن بے گناہ سیاسی ورکرز کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔

پاکستان پریس کلب کے بانی صدر صاحبزادہ عتیق الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان ملکی دفاع کی ضامن ہیں اور پاکستان کی بقاء کے ضامن عوام ہیں ، عوام اور افواج میں فاصلہ اور بد اعتمادی ہمیں مزید کمزور کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) فرانس کے چئیرمین راجہ علی اصغر نے کہا کہ ہم دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں شہدائے افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما چوہدری گلزار لنگڑیال نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ افواج پاکستان کے ساتھ محبت اور عقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ بے گناہ کارکنوں اور خواتین کو فوری رہا کیا جائے۔

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ یورپ کے صدر وقار احمد باجوہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اقدامات تدبر اور تحمل مزاجی کے متقاضی ہیں۔ ریاست کی مضبوطی کیلئے ریاستی اور سیاسی اداروں کا استحکام ازبس ضروری ہے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینئر رہنماء اور فوکل پرسن وفاقی وزیر اوورسیز اصغر صغیر نے کہا کہ افواج پاکستان سے ہر پاکستانی محبت کرتا ہے اور پاکستان تب ترقی کرے گا جب تمام ادارے اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے۔
جسٹس فار کشمیر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار احمد نگیال نے کہا کہ ہماری فوج ہماری عزت ہماری محبت کا محور ہے ہماری فوج ہے تو ہم ہیں۔
پاک فرانس ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری نوید ہکھووال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں اور اداروں کو پاکستان کی مضبوطی پر بھرپور توجہ دینا ہوگی، ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ سب مل کر چلیں۔ شہدائے افواج پاکستان ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ مسلم لیگ (قائد اعظم) فرانس کے رہنماء چوہدری عصمت اللّٰه تارڑ نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ، فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے والے ہی انتشار پسند ہیں۔ فوج اور عوام ایک پلیٹ فارم پر ہوں تو کسی کی جرآت نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔
کانفرنس میں صدر پاکستان بزنس فورم حاجی محمد اسلم چوہدری ، جنرل سیکرٹری یاسر خان ، سلمان اسلم ، جنرل سیکرٹری تحریک انصاف چوہدری ماجد چیمہ ، جنرل سیکرٹری فرانس پاک ایسوسی ایشن چوہدری اشفاق سندھو ، آصف چوہدری ، نوید ابراہیم ڈار ،
چوہدری اسد ناگرہ ، میاں ساجد گورسی ، حاجی چوہدری محمد رفیق ، چوہدری ظفر سمیت اوورسیز رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں