اوکاڑہ (نئی دنیا) پولیس نے بھارتی پنجاب کے گلوکار سدھو موسے والا کی پہلی برسی پر “ختم” دلانے اور بدمعاشوں اور جٹ برادری کو فائرنگ کی دعوت دینے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
شرجیل ملک نامی نوجوان کی طرف سے سوشل میڈیا پر سدھو موسے والا کی پہلی برسی کے موقع پر ختم کا اشہتار جاری کیا گیا تھا۔ اشتہار کے مطابق یہ ختم صمد پورہ یونیورسٹی والی گلی میں دلوائی جانی تھی۔ اس ختم میں شرکت کیلئے تمام بدمعاشوں اور جٹ برادری کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی جب کہ ختم کے بعد ہوائی فائرنگ کا بھی کہا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھنے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور سدھو موسے والا کی ختم آنے سے پہلے ہی نوجوان شرجیل ملک کو گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 29 مئی کو سدھو موسے والا کو مشرقی پنجاب کے ضلع مانسا میں قتل کردیا گیا تھا۔ ان کے قتل کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ کے اہم رکن گولڈی برار نے قبول کی تھی جو کہ کینیڈا میں مقیم ہیں۔ لارنس بشنوئی خود بھارت میں ہی جیل میں قید ہیں ، اسی گینگ نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو کئی بار قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔