جیل میں شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی کے سابق رہنماوں کی ملاقات، پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش

راولپنڈی(نئی دنیا)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔جیو نیوزکے مطابق شاہ محمود سے ملاقات کرنے والوں میں فواد چوہدری، عامرکیانی، عمران اسماعیل اور مولوی محمود شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کو پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سمجھتے ہیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھے گی، 25کروڑ عوام کو نواز شریف اور آصف زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جاسکتا، نہ ہی عوام کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے چھوڑا جاسکتا، اس حکومت کو اپوزیشن کے بغیر ایسے کھلا نہیں چھوڑا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، علی زیدی ، پرویز خٹک، اسد عمر، فرخ حبیب اور عاطف خان سے رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی سے یہاں ملاقات کیلئے آئے تفصیلی گفتگو ہوئی، ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو مستحکم حل کی طرف جانا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ جو کچھ ہوا ہماری اجتماعی ذمہ داری تھی کہ نہ ہوتا، اپنے بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے رہا کرانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں