میڈرڈ(حمیدچوہدری سے) سپین میں ایک بدقماش کے ساتھ جھگڑے میں زخمی ہونے والے برطانوی کاروباری شخص کی موت واقع ہو گئی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ سپین کے شہر لینزروٹے میں پیش آیاجہاں برطانوی کاروباری شخص اور ہسپانوی ملزم کے مابین ایک شراب خانے میں جھگڑا ہوا۔
دونوں بالائی منزل پر سیڑھیوں کے پاس کھڑے تھے۔ ملزم نے 50سالہ برطانوی شہری کو دھکا دیا اور وہ سیڑھیوں سے لڑھکتا ہوا نیچے آ گرا اور شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں چند دن بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کے مطابق 46سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزم علاقے میں لوگوں کے ساتھ جھگڑا اور مارپیٹ کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔ اسے جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔